وزیراعظم کی جانب سے معروف کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کو اعزازی شیلڈ اور لیپ ٹاپ کا تحفہ، ڈیجیٹل میڈیا پر مثبت کام کی تعریف
اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس ایک یادگار لمحے کا گواہ بنا جب پاکستان کے معروف وی لاگر اور کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈیجیٹل میڈیا پر ان کی مثبت اور تعمیری کاوشوں کو سراہا، انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی اور انعام کے طور پر ایک لیپ ٹاپ تحفے میں دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مؤثر انداز میں پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ انہوں نے طلحہ احمد کی کاوشوں کو خصوصاً سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ویڈیوز، جن میں وہ ایک باکردار مسلمان کا کردار ادا کرتے ہیں، قابلِ تحسین ہیں۔
اس موقع پر طلحہ احمد نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے ملنے والی پذیرائی اور حوصلہ افزائی ان کے لیے ایک بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس دن کو اپنی زندگی کا یادگار ترین لمحہ قرار دیا اور بتایا کہ 27 جون کا دن ہمیشہ ان کے دل میں زندہ رہے گا۔
طلحہ احمد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شائع کردہ وی لاگ میں اس ملاقات کی تفصیلات بیان کیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے شفقت سے ان کا استقبال کیا، گلے لگایا اور ان کی ایک مشہور ویڈیو کا سین لائیو پرفارم کرنے کی فرمائش کی، جس سے ملاقات کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔
طلحہ احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے ان کی تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں نہ صرف اعزازی شیلڈ بلکہ ایک لیپ ٹاپ بھی پیش کیا تاکہ وہ مستقبل میں اپنے کام کو مزید بہتر بنا سکیں۔
یاد رہے کہ طلحہ احمد پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت ڈیجیٹل کریئیٹرز میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کرتی ہیں، جن میں اکثر اخلاقی، معاشرتی اور اصلاحی پہلو اجاگر کیے جاتے ہیں، جو نوجوانوں میں شعور اور بیداری پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔