کے پی سینیٹ الیکشن: تحریک انصاف کو اندرونی اختلافات کا سامنا، ناراض ارکان نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات پاکستان تحریک انصاف کے لیے ایک بڑا امتحان بن گئے ہیں۔ پارٹی کے متعدد ناراض ارکان کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ان میں عرفان سلیم، وقاص اورکزئی، خرم ذیشان، ارشاد حسین اور عائشہ بانو شامل ہیں۔

latest urdu news

خرم ذیشان نے اعلان کیا کہ وہ میدان نہیں چھوڑیں گے، جبکہ عائشہ بانو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گی اور نہ ہی کوئی سودے بازی کریں گی، ان کا مؤقف بانی پارٹی کے نظریے سے جڑا ہوا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ وِد ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان سلیم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 25 سے 30 ارکانِ صوبائی اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں اور وہ سینیٹ انتخابات میں ’سرپرائز‘ دیں گے۔ ان کے مطابق پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں 13 کے مقابلے 11 ووٹوں سے الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پارلیمانی پارٹی میں اختلافات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ مردان سے رکنِ اسمبلی طارق محمود اور سابق صوبائی وزیر شکیل خان نے ناراض امیدوار عرفان سلیم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر ناراض ارکان دستبردار نہ ہوئے تو انہیں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نکال دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر آج پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں سینیٹ الیکشن اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter