پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے کانسٹیبل حیدر علی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد جمع، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی
جہلم میں سیلابی صورتحال کے دوران شہریوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل حیدر علی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ایوان میں جمع کرائی، جس میں بارشوں اور حالیہ سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کو یاد کیا گیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حالیہ موسمی صورتحال سے پیدا ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور جاں بحق ہونے والے شہریوں کے خاندانوں سے تعزیت کرتا ہے۔ قرارداد میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ پنجاب حکومت، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے سیکڑوں قیمتی جانیں بچائیں۔
قرارداد میں کانسٹیبل حیدر علی حسین کی بہادری اور جانفشانی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ریسکیو آپریشن کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دے کر مثالی قربانی دی۔ یہ ایوان شہید اہلکار کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہے اور ان کی قربانی کو قومی سطح پر تسلیم کیے جانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
قرارداد میں حکومتِ پنجاب سے پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ کانسٹیبل حیدر علی کو سرکاری اعزاز سے نوازا جائے اور ان کے خاندان کو مکمل سرکاری معاونت، مالی امداد اور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی قربانی کو عملی طور پر سراہا جا سکے۔
یاد رہے کہ کانسٹیبل حیدر علی نے گزشتہ ہفتے جہلم میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو مشن کے دوران متعدد شہریوں کو بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، جس پر ملک بھر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔