آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے پر بھارتی لیجنڈز کا کھیلنے سے انکار، پاک بھارت میچ منسوخ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں آج اتوار کے روز برمنگھم میں ہونے والا پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج مقابلہ اچانک منسوخ کر دیا گیا، اس فیصلے پر کرکٹ شائقین اور منتظمین دونوں ہی افسوس کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ ٹکٹ خریدنے والے تماشائیوں کو رقوم کی واپسی کا وعدہ کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں میچ کی منسوخی کی وجہ کو "غیر متوقع صورتحال” قرار دیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق اصل وجہ بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے میچ کھیلنے سے انکار تھا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹرز شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے مبینہ طور پر اعتراض اٹھایا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ کیا جائے۔ ان کے مطابق آفریدی کے حالیہ بیانات سے بھارتی حلقوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے، جس کے بعد بھارتی میڈیا میں بھی اس میچ کو لے کر خاصا واویلا ہوا۔

latest urdu news

پریشر اتنا بڑھا کہ بالآخر منتظمین نے میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں پاکستان نے محمد حفیظ کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دی تھی، جس کے بعد شائقین کی نظریں پاکستان اور بھارت کے درمیان اس اہم میچ پر لگی ہوئی تھیں۔

میچ کی منسوخی سے کرکٹ شائقین شدید مایوسی کا شکار ہیں، خاص طور پر ان لوگوں میں غصہ پایا جا رہا ہے جنہوں نے پہلے سے ٹکٹس خرید رکھے تھے۔ اگرچہ منتظمین نے باقی تمام میچز کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس اچانک منسوخی سے ٹورنامنٹ کی ساکھ پر سوالات ضرور اٹھنے لگے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز ہمیشہ جذباتی اور سیاسی دباؤ کا شکار رہے ہیں، اور کھیل کے میدان میں بھی اس کشمکش کا اثر نمایاں طور پر دیکھا جاتا رہا ہے۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوا، جہاں کھیلنے سے زیادہ نہ کھیلنے کا دباؤ غالب آ گیا۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter