ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ: 19 سے 25 جولائی تک سیلابی خطرات، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 جولائی سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے متعدد اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا شدید خدشہ ہے۔

latest urdu news

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ نوشہرہ، مالاکنڈ، دیر اور سوات میں سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے شہروں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، خانیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں کے کناروں اور کمزور بندوں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ٹھٹھہ، بدین، جیکب آباد، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جہاں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

راولپنڈی: سیلابی ریلے میں بہنے والے 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں مل گئیں

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور امدادی ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے نکاسی آب کے موثر انتظامات، مشینری اور واٹر پمپس کی فوری دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈرپاسز، سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں، اس لیے شہری قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا بندوبست کریں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter