وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جیل میں قیدیوں کو درپیش سہولیات کی کمی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں اگرچہ ٹی وی دیا جاتا ہے، مگر اس پر صرف پی ٹی وی ہی چلتا ہے، جبکہ اخبار تک میسر نہیں ہوتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کسی کا نام لیے بغیر سابق وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "ہم سے پوچھو، تم نے ہمیں جیل بھیجا تھا، جنوری کی سردیوں میں ننگے فرش پر صرف ایک کمبل ملتا تھا”۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "بیوی سے ملاقات کرواؤ، جیسے سسرال گیا ہوا ہے”۔ خواجہ آصف نے یاد دلایا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ سے بات کروانے کی درخواست کرتا رہا، مگر وہ دنیا سے رخصت ہو گئیں، پھر بھی اسے یہ سہولت نہ ملی۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں بیٹھ کر جیل میں سہولتیں واپس لینے کی باتیں کی جاتی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جیل کی زندگی آسان نہیں، اور ماضی میں جنہوں نے دوسروں کو نشانہ بنایا، وہ آج خود اسی کرب سے گزر رہے ہیں۔