چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات خالق داد گاڑا نے واضح اعلان کیا ہے کہ شہر کی سیوریج لائنوں، مین ہولز اور ڈسپوزل پوائنٹس میں جان بوجھ کر ریت، بوریاں اور رضائیاں پھینکنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔
گجرات پریس کلب میں "میٹ دی پریس” پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے خالق داد گاڑا کا کہنا تھا کہ سیوریج نظام میں دانستہ رکاوٹیں ڈالنے والے نہ صرف شہر کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ عوام کو بھی اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کمشنر گوجرانوالہ کی طرف سے اس حوالے سے واضح ہدایات موصول ہو چکی ہیں، اور جس کے خلاف بھی شواہد ملے، اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خالق داد گاڑا نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات اس وقت ایک ٹیم کے طور پر منظم انداز میں کام کر رہی ہے، اور بہتری کے نتائج عوام کے سامنے ہیں۔ اب ان کوششوں کو ناکام بنانے والوں کو پہلے ہی روک دیا جائے گا تاکہ شہر کا نظام موثر طریقے سے چلتا رہے۔