97
اسلام آباد، پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود مزید ایک ماہ کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بھارتی ایئرلائنز پر 23 اگست 2025 تک پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
نوٹم میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ بندش 23 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہے اور اب 24 اگست کی صبح 4 بج کر 59 منٹ (پاکستانی وقت) تک مؤثر رہے گی۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق، بھارتی رجسٹرڈ تمام فوجی اور سول طیارے — چاہے وہ ملکیتی ہوں یا لیز پر لیے گئے — پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ بھارت کے ساتھ جاری کشیدہ تعلقات اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔