برطانیہ میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں پاک فضائیہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر لیے۔
پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے JF-17C بلاک III کو فضائی مہارت، پرواز کے معیار اور تکنیکی صلاحیتوں کے اعتراف میں "اسپرٹ آف دی میٹ” (Spirit of the Meet) ٹرافی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ان طیاروں کو دیا جاتا ہے جو شو میں غیر معمولی تکنیکی مہارت اور متاثر کن فضائی مظاہرہ پیش کرتے ہیں۔
اسی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے C-130 ٹرانسپورٹ طیارے نے بھی میدان مار لیا، اور اسے شو کی سب سے باوقار ٹرافی Concours d’Elegance Trophy سے نوازا گیا، جو طیارے کی ظاہری حالت، پریزینٹیشن اور اندرونی و بیرونی سجاوٹ میں اعلیٰ معیار پر دیا جاتا ہے۔
خصوصی بات یہ ہے کہ JF-17C بلاک III نے پاکستان سے برطانیہ تک نان اسٹاپ سفر کیا، جس میں ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ (فضا میں ایندھن بھرنے) کی صلاحیت استعمال کی گئی۔ یہ نہ صرف طیارے کی تکنیکی برتری کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی ایوی ایشن انڈسٹری کی جدید صلاحیتوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ اعزازات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک فضائیہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید فضائی ٹیکنالوجی کے باعث ممتاز مقام رکھتی ہے۔
اس کامیابی نے پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کو عالمی منظرنامے پر مزید فخر سے ہمکنار کیا ہے، اور دنیا بھر میں پاک فضائیہ کی قابلیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔