قومی احتساب بیورو (نیب) نے 40 ارب روپے کے بڑے مالیاتی اسکینڈل — کوہستان میگا کرپشن کیس — میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 7 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں دو سرکاری افسران، دو بینکرز اور تین ٹھیکے دار شامل ہیں۔ ان پر جعلی بلنگ، مالیاتی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
گرفتار ملزمان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایک گرفتار ٹھیکے دار نے 3 ارب 45 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی دوبارہ درخواست دی ہے۔ اس سے قبل وہ کم رقم پر پلی بارگین کی درخواست دے چکا تھا، جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ نیب کے مطابق ملزم کے اکاؤنٹ سے اتنی ہی رقم کی ٹرانزیکشن بھی سامنے آئی ہے، اور وہ تین اقساط میں نیب کو رقم واپس کرنے پر آمادہ ہے۔
مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے نیب نے کہا ہے کہ اسکینڈل میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں اور جلد کارروائی کی جائے گی۔
ادھر پیپلز پارٹی نے کوہستان کرپشن اسکینڈل پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے، جس سے معاملہ سیاسی طور پر بھی سنگین ہوتا جا رہا ہے۔