وادی نیلم میں جیپ کھائی میں جاگری، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں ایک افسوسناک حادثے میں جیپ گہری کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق اور تین بچے شدید زخمی ہو گئے۔

latest urdu news

یہ واقعہ دوپہر تقریباً پونے ایک بجے سری گاؤں کے قریب پیش آیا جب متاثرہ خاندان کندل شاہی سے جاگران واپس جا رہا تھا۔

ڈپٹی کمشنر وادی نیلم ندیم احمد جنجوعہ کے مطابق پجیرو جیپ ایک تنگ موڑ پر پہنچنے کے بعد پیچھے کی جانب کی جا رہی تھی کہ اچانک سڑک کا ایک حصہ زمین میں دھنس گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی تقریباً 300 فٹ نیچے کھائی میں جاگری۔

حادثے میں 65 سالہ حاجی سعید عالم (ڈرائیور)، ان کی اہلیہ 50 سالہ اکبر جان، 55 سالہ برادر نسبتی محمد عرفان اور 60 سالہ سالی افسر جان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ زخمی بچوں میں 12 سالہ حسیب، 10 سالہ ذیشان اسحٰق اور 14 سالہ کوثر بی بی شامل ہیں۔ زخمیوں کو پہلے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اٹھمقام منتقل کیا گیا، بعد ازاں ان کی حالت نازک ہونے کے باعث سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کر دیا گیا۔

وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے دیگر پہاڑی علاقوں میں خطرناک موڑ، خستہ حال سڑکیں، پرانی گاڑیاں اور ڈرائیوروں کی غفلت مہلک حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔ رواں ماہ کے دوران یہ تیسرا بڑا حادثہ ہے، اس سے قبل جہلم ویلی میں اسکول وین اور 4 جولائی کو نیلم میں ایک اور کار حادثے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حادثات کی روک تھام کے لیے سڑکوں کی مرمت، جدید گاڑیوں کا استعمال، ڈرائیوروں کی تربیت اور نگرانی کا نظام سخت بنانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المیے رونما نہ ہوں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter