پاکستان میں مون سون بارشوں کا چوتھا مرحلہ 21 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے پیشگی اطلاع دیتے ہوئے عوام اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
گزشتہ دنوں پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے دوران سینکڑوں شہریوں کو ریسکیو کیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو آپریشنز میں انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔ تقریباً ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
جہلم میں سیلابی پانی میں پھنسے 398 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 174 افراد کو ضلعی انتظامیہ اور 64 کو فوجی اہلکاروں نے نکالا۔
چکوال میں بھی 209 افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا، جن میں 27 افراد کی منتقلی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی گئی۔ راولپنڈی میں 450 افراد کو ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو کیا، جب کہ نالہ لئی سے 6 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 178 افراد جاں بحق اور 491 زخمی ہوئے ہیں، جو کہ تشویشناک اعداد و شمار ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج آزاد کشمیر، مشرقی پنجاب، پوٹھوہار ریجن اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جب کہ جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔