امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کوکا کولا کے ذائقے میں ممکنہ تبدیلی کا کریڈٹ بھی خود کو دے دیا ، جس نے صارفین اور مبصرین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کوکا کولا کمپنی سے امریکہ میں مشروب میں اصل گنے کی چینی کے استعمال پر بات کی، اور کمپنی نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا:
"میں کوکا کولا میں موجود تمام ذمہ دار افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، یہ ایک زبردست قدم ہوگا، اور آپ دیکھیں گے، ذائقہ واقعی بہتر ہو جائے گا۔”
تاہم کوکا کولا کمپنی نے اب تک اس بات کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی۔ کمپنی کے ایک ترجمان نے سی این این کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی کوکا کولا برانڈ کے لیے وابستگی کی قدر کرتے ہیں اور کمپنی جلد اپنی نئی پیشکشوں کی تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کرے گی۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق صدر ٹرمپ کئی سیاسی اور قانونی تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں۔ ان کے حمایتی حلقے بھی مختلف معاملات پر بڑھتی ہوئی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں، خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فیڈرل ریزرو کے سربراہ کی ممکنہ برطرفی اور جیفری ایپ اسٹین سے متعلق تحقیقات کے تناظر میں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ کا کوکا کولا، خاص طور پر ڈائیٹ کوک سے لگاؤ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ ان کے دور صدارت میں اوول آفس میں ان کا مشہور "ڈائیٹ کوک بٹن” کافی چرچا میں رہا — ایک سرخ بٹن جسے دباتے ہی عملہ انہیں ڈائیٹ کوکا کولا فراہم کرتا تھا۔
اگرچہ ٹرمپ اور کوکا کولا کے درمیان 2021 میں اختلافات بھی پیدا ہوئے، جب کمپنی نے ریاست جارجیا کے انتخابی قوانین پر اعتراض کیا، اس کے باوجود ٹرمپ کے ہوٹلز اور دیگر کاروباری مقامات پر کوکا کولا مصنوعات بدستور فروخت ہوتی رہیں۔
واضح رہے کہ کوکا کولا امریکہ میں 2005 سے میکسیکن کوک درآمد کر رہا ہے، جس میں گنے کی چینی استعمال کی جاتی ہے اور جو اپنی بہتر مٹھاس کے باعث صارفین میں کافی مقبول ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی نے واقعی گنے کی چینی کو بنیادی جزو بنانے کا فیصلہ کیا تو اس سے امریکہ میں ہائی فریکٹوز کارن سیرپ (HFCS) انڈسٹری کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے، جو فی الوقت کئی سافٹ ڈرنکس اور دیگر مصنوعات میں استعمال ہو رہی ہے۔
یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ آیا ٹرمپ کا دعویٰ محض ایک سیاسی بیان ہے یا واقعی کوکا کولا کے ذائقے میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔