پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے نیویارک میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیویارک کے کئی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی جمع ہو چکا ہے اور شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم حیرانی کی بات ہے کہ وہاں کوئی خبطی بابا جی سڑکوں پر آ کر بد زبانی کرتا نظر نہیں آیا۔
عظمیٰ بخاری کا یہ تبصرہ دراصل حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر ہے جس میں ایک بزرگ شخص بارش کے دوران موٹرسائیکل پر پھنسنے پر غصے میں آ کر نازیبا زبان استعمال کر رہے تھے۔ یہ ویڈیو پاکستان میں خاصی وائرل ہوئی تھی اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی رہی۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اوور فلڈنگ ایک مسئلہ ہے، لیکن انسان کا رویہ اور زبان اس کے اخلاق کی عکاسی کرتے ہیں، ہمیں قدرتی آفات پر سیاست کرنے کے بجائے ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا چاہئیں تاکہ آئندہ ایسے مناظر نہ دیکھنے پڑیں۔
یاد رہے کہ عظمیٰ بخاری اکثر سوشل میڈیا پر سیاسی مخالفین پر طنز کے حوالے سے مشہور رہی ہیں۔ حالیہ طنز بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے نیویارک کی صورتحال کو پاکستان کی عوامی ردعمل سے جوڑا ہے۔ اس سے قبل وہ مختلف ویڈیوز اور عوامی ردعمل پر تبصرے کر چکی ہیں جو خاصی وائرل ہو چکی ہیں۔