کورنگی، کراچی: پولیس کے گھیراؤ میں ڈاکو نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی، ویڈیو منظرِ عام پر
کراچی کے علاقے کورنگی کے زمان ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران ایک سنسنی خیز واقعے میں مسلح ڈاکو نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعے کی ویڈیو نیوز چینلز کو موصول ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا اور نزدیکی گھروں کی چھتوں پر بھی پوزیشنز سنبھالی ہوئی تھیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ملزم بار بار اپنے سر پر پستول رکھ کر خودکشی کی دھمکی دیتا رہا اور پولیس سے مذاکرات بھی کرتا رہا۔ پولیس کی کوشش تھی کہ ملزم ہتھیار ڈال کر قانون کے حوالے ہو جائے۔ اہلکار اُسے سمجھاتے رہے کہ صرف ایک سال کی سزا کاٹ لو، جان بچ جائے گی، لیکن وہ کسی صورت گرفتاری پر آمادہ نہ ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کئی بار پستول چلانے کی کوشش کی، تاہم ابتدائی طور پر اسلحہ فائر نہ ہو سکا۔ آخرکار ایک گولی چل گئی جو سیدھا ملزم کے سر میں لگی، اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت علی کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ اس کے ساتھی ریحان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور وہ ماضی میں بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران اسٹریٹ کرائمز اور گھروں میں ڈکیتیوں کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر پولیس نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ زمان ٹاؤن کا یہ واقعہ بھی انہی جرائم کے خلاف جاری آپریشن کا ایک اہم حصہ ہے۔