خان یونس میں امریکی امدادی مرکز پر اسرائیلی حملہ: 21 فلسطینی شہید، مجموعی شہادتیں 58 ہزار سے متجاوز
غزہ: اسرائیلی افواج کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 74 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس میں قائم ایک متنازع امریکی امدادی مرکز کو نشانہ بنایا، جہاں امداد کے حصول کے لیے بڑی تعداد میں فلسطینی شہری جمع تھے۔
حملے کے باعث شدید بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امدادی مرکز کے باہر موجود مسلح افراد نے نہ صرف مرچوں کا اسپرے کیا بلکہ شیلنگ بھی کی، اور ایک شہری پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
وزارت صحت نے اس واقعے کو اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری گٹھ جوڑ کی عملی مثال قرار دیا، جس کے تحت انسانی امداد کی آڑ میں فلسطینیوں پر مزید مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا، جس کے دوران اسپتالوں، اسکولوں، پناہ گزین کیمپوں اور امدادی مراکز تک کو نشانہ بنایا گیا۔ ان مسلسل حملوں کے نتیجے میں اب تک 58 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے مسلسل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم اسرائیل نے اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ عالمی برادری کی جانب سے اس جنگ کو "نسل کشی” قرار دیا جا چکا ہے، اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔