اگر ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو جواب شدید تر ہوگا، خامنہ ای

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ کوئی فوجی حملہ کیا گیا تو اس کا جواب پچھلے ردعمل سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔

سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ قطر میں امریکی فوجی اڈے "العدید” پر کیا گیا حملہ صرف ابتدائی وارننگ تھی، ایران کی اصل طاقت کا مظاہرہ ابھی باقی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی قوم امریکا اور اس کی پالتو صہیونی حکومت کے خلاف پوری قوت سے ڈٹی ہوئی ہے، اور آئندہ حملے کی صورت میں العدید سے بھی بڑے ہدف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

latest urdu news

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایران نے قطر میں واقع امریکی فوجی مرکز العدید پر میزائل حملہ کیا تھا، جو کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا سب سے اہم فوجی اڈہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ کارروائی اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد سامنے آئی تھی، جس کے نتیجے میں خطے میں جنگ کا خطرہ منڈلانے لگا تھا۔

سپریم لیڈر نے ایرانی سفارتکاروں کو ہدایت دی کہ وہ سفارتی محاذ پر پوری تیاری کے ساتھ متحرک ہوں اور قیادت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، اگرچہ انہوں نے ان ہدایات کی تفصیل نہیں بتائی۔

دمشق پر اسرائیلی فضائی حملے، وزارتِ دفاع کی عمارت نشانہ، کئی ہلاکتیں

دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ نے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی طرف سے پیشگی شرائط تسلیم کیے بغیر کسی بھی قسم کے جوہری مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔

ادھر امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے پر مذاکرات دوبارہ شروع کرے، بصورتِ دیگر اقوامِ متحدہ کی جانب سے عالمی پابندیاں دوبارہ عائد ہونے کا خدشہ ہے۔ مغربی ممالک نے مذاکرات کے لیے اگست کے آخر تک کی مہلت دی ہے، تاہم ایران کا مؤقف ہے کہ وہ دباؤ میں آ کر کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں جوہری معاہدہ طے پایا تھا، جس سے امریکا 2018 میں یکطرفہ طور پر دستبردار ہو گیا۔ اس کے بعد سے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ حالیہ فوجی جھڑپوں نے خطے میں جنگ کے امکانات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter