پیپلز پارٹی سے استعفیٰ، تمام سیاسی سرگرمیوں سے لاتعلقی، نجی حیثیت میں ملکی خدمت جاری رکھنے کا عزم
کوئٹہ: بلوچستان کے سابق گورنر، سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے مکمل کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے اس فیصلے نے بلوچستان کی سیاسی فضا میں ہلچل مچا دی ہے، جہاں وہ ایک قدآور اور بااثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
عبدالقادر بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب وہ کسی بھی سیاسی جماعت یا سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے اپنے دیرینہ سیاسی ساتھیوں کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کے اندر رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور قومی خدمت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے اپنے طویل سیاسی سفر کو یاد کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل اور آزمائشی ادوار میں ان کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ سیاست سے ریٹائر ہو چکے ہیں، لیکن پاکستان سے محبت اور خدمت کا جذبہ بدستور قائم ہے، اور وہ اپنی نجی حیثیت میں قومی خدمت جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ ایک منجھے ہوئے عسکری و سیاسی رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ وہ نہ صرف بلوچستان کے گورنر اور وفاقی وزیر رہ چکے ہیں بلکہ پاک فوج میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ 2002 میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی، تاہم بعد ازاں اختلافات کے باعث پیپلز پارٹی کا حصہ بنے۔ ان کی سیاست سے کنارہ کشی کو بلوچستان اور پیپلز پارٹی دونوں کے لیے ایک اہم تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔