بھارتی بزرگ ایتھلیٹ اور میراتھون رنر فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق، بزرگوں کے لیے دنیا بھر میں حوصلے کی علامت سمجھے جاتے تھے۔
ممبئی سے موصول ہونے والی افسوسناک خبر کے مطابق بھارت کے مشہور و معروف معمر میراتھون رنر اور دنیا کے معمر ترین ایتھلیٹ فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ پیر کی سہ پہر بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر کے نواحی علاقے بیاس میں اُس وقت پیش آیا جب وہ سڑک عبور کر رہے تھے کہ ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں زور دار ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئی۔
حادثے کے فوراً بعد فوجا سنگھ کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسی رات خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فوجا سنگھ نے دوڑنے کی شروعات 89 برس کی عمر میں کی، جب عام طور پر لوگ سبکدوشی کی زندگی اختیار کر لیتے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف دنیا کو حیران کیا بلکہ عمر کی قید کو چیلنج کرتے ہوئے کئی ریکارڈ قائم کیے۔ سال 2000 میں لندن میراتھون میں حصہ لے کر عالمی سطح پر توجہ حاصل کی، اور 100 برس کی عمر میں اپنی آخری مکمل میراتھن صرف 7 گھنٹے 49 منٹ میں مکمل کی، جو ایک تاریخی کارنامہ مانا جاتا ہے۔
انہیں 2012 کے لندن اولمپکس میں مشعل برداری کا اعزاز بھی حاصل ہوا، اور وہ دنیا بھر میں "ٹرینڈ ٹورنیڈو” کے نام سے پہچانے جانے لگے۔ فوجا سنگھ نہ صرف ایک ایتھلیٹ تھے بلکہ بزرگوں کے لیے امید، حوصلے اور عزم کی زندہ مثال بھی تھے۔ ان کی زندگی نوجوان نسل کے لیے ایک پیغام تھی کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اصل طاقت حوصلے، جذبے اور مسلسل محنت میں ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ فوجا سنگھ دنیا بھر میں بزرگوں کے لیے رول ماڈل بن چکے تھے۔ ان کی غیر معمولی فٹنس، استقامت اور مستقل مزاجی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ ان کا اچانک انتقال نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں کھیلوں سے وابستہ افراد کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔