"کوکین اسکینڈل نے سب کچھ بدل دیا، بچوں کے لیے پریشان ہوں”، سابق آسٹریلوی کرکٹر اسٹیورٹ میک گل کا انٹرویو
سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر اسٹیورٹ میک گل، جو کوکین سپلائی اسکینڈل میں ملوث پائے گئے تھے، آخرکار خاموشی توڑتے ہوئے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات پر دل کھول کر بات کر گئے۔ میک گل نے اعتراف کیا کہ 2021 میں سامنے آنے والے اسکینڈل اور اس کے بعد ہونے والی قانونی کارروائی نے ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے کے بعد اب وہ کمیونٹی ورک کر رہے ہیں، اور ساتھ ہی کام کی تلاش میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ "میں خوش قسمت ہوں کہ میں ڈپریشن کا شکار نہیں ہوا، مگر ذہنی دباؤ اور فکر ہر وقت ساتھ رہتی ہے، خاص طور پر بچوں کے حوالے سے”، میک گل نے کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو سوشل میڈیا پر اسکینڈل سے جڑے تبصروں، خبروں اور تنقید کا سامنا ہے، جو ان کی ذہنی کیفیت کو متاثر کر رہا ہے۔ "میں سوشل میڈیا کو نظرانداز کر سکتا ہوں، لیکن میرے بچے نہیں کر سکتے، یہی بات مجھے سب سے زیادہ پریشان کرتی ہے”، انہوں نے جذباتی انداز میں کہا۔
میک گل نے مزید کہا، "مجھے پرواہ نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا کہتے ہیں، میں صرف اس بات سے فکرمند ہوں کہ میرے بچوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ ان کی زندگی اور ذہنی سکون میری پہلی ترجیح ہے۔”
یاد رہے کہ اسٹیورٹ میک گل کو کوکین کی سپلائی میں ملوث ہونے پر رواں سال مئی میں سزا سنائی گئی تھی، اور عدالت نے انہیں قید کے بجائے کمیونٹی سروس کی سزا دی تھی۔ اس اسکینڈل میں ان کے بہنوئی کا نام بھی شامل تھا، جس نے کیس کو مزید حساس بنا دیا تھا۔
واضح رہے کہ میک گل نے اپنے کیریئر میں آسٹریلیا کی جانب سے 44 ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا اور 208 وکٹیں حاصل کیں، وہ اپنے وقت کے بہترین لیگ اسپنرز میں شمار ہوتے تھے، مگر شین وارن کے ہوتے ہوئے زیادہ موقع نہ مل سکا۔ اب ان کی زندگی میدان سے باہر، ایک بالکل مختلف اور تلخ جدوجہد سے گزر رہی ہے۔