خیبرپختونخوا میگا کرپشن سکینڈل: 25 ارب کی ریکوری، بڑی گرفتاریاں متوقع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوہستان کرپشن سکینڈل میں نیب نے 25 ارب روپے کے اثاثے ضبط کرلیے، 77 لگژری گاڑیاں، 109 جائیدادیں اور سونا برآمد، اہم کردار گرفتار، مزید کارروائیاں جاری۔

پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کی تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی بدعنوانی کے کیس "میگا کوہستان کرپشن سکینڈل” میں مزید ہوشربا انکشافات نے پورے ملک کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس ہائی پروفائل کیس کو انکوائری سے باضابطہ تفتیش میں تبدیل کرتے ہوئے اب تک 25 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے برآمد کر لیے ہیں۔

latest urdu news

نیب کی کارروائیوں کے دوران ایک ارب روپے سے زائد نقدی، بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور تین کلو گرام سونا ضبط کیا گیا، جبکہ ملک کے مختلف کمرشل بینکوں میں موجود 73 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 5 ارب روپے کی رقم موجود ہے۔

اس سکینڈل میں نیب نے 77 مہنگی ترین لگژری گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لی ہیں، جب کہ 109 جائیدادیں بھی مختلف شہروں سے ضبط کی گئی ہیں۔ ان جائیدادوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں واقع 4 فارم ہاؤسز، 12 کمرشل پلازے، 2 کمرشل پلاٹس، 30 رہائشی مکانات، 12 دکانیں، فوڈ کورٹس، 25 فلیٹس، پینٹ ہاؤسز اور 175 کنال زرعی اراضی شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 17 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔

سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس سکینڈل میں سرکاری افسران، بدعنوان ٹھیکیدار، اور بینک اہلکاروں نے گٹھ جوڑ کے ساتھ دیدہ دلیری سے مالی بدعنوانی کا نیٹ ورک قائم کیا، جس کے ذریعے قومی خزانے سے اربوں روپے خاموشی سے نکال لیے گئے اور کوئی مالیاتی ادارہ بروقت حرکت میں نہ آ سکا۔

نیب نے اس سکینڈل میں ملوث معروف کنٹریکٹر محمد ایوب کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے اکاؤنٹ میں 3 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس نے مبینہ طور پر کرپشن کی رقم سے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کا گھر بھی خریدا۔

یاد رہے کہ اس سکینڈل کو خیبر پختونخوا کی تاریخ کی سب سے منظم اور بڑے پیمانے پر مالیاتی بدعنوانی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ نیب کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ اس مالیاتی جرائم کے نیٹ ورک کی جڑ تک پہنچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter