چودھری پرویز الہٰی کو بڑا ریلیف، احتساب عدالت کا فیصلہ معطل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پرویز الہٰی کو نیب حاضری سے عبوری استثنا، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کا احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرنے کا حکم

راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو بڑا قانونی ریلیف دے دیا۔ عدالت نے احتساب عدالت کا وہ فیصلہ معطل کر دیا ہے جس میں پرویز الہٰی کی نیب کورٹ میں حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کی گئی تھی، اور انہیں عبوری طور پر نیب پیشی سے استثنا دے دیا گیا ہے۔

latest urdu news

دو رکنی بینچ جسٹس شہرام سرور اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پرویز الہٰی کی رٹ پٹیشن پر ابتدائی سماعت کے بعد یہ عبوری حکم جاری کیا۔ پرویز الہٰی کی جانب سے سینئر وکلاء سردار عبدالرازق خان اور عامر سعید راں نے دلائل دیے۔

درخواست گزار کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی بزرگ سیاستدان ہیں، اس وقت لاہور میں زیر علاج ہیں اور مسلسل نیب عدالت میں پیش ہونا ان کے لیے ممکن نہیں۔ وکلاء نے ٹرائل کورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بغیر کسی قانونی جواز کے استثنا کی درخواست مسترد کی۔

دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ پرویز الہٰی کو استثنا دینے پر کیا اعتراض ہے، جس پر نیب نے مؤقف اپنایا کہ ان کی حالت ایسی نہیں ہے جو حاضری سے استثنا کی متقاضی ہو۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد رٹ پٹیشن کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا اور نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ آئندہ سماعت پر نیب سے تفصیلی جواب طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے خلاف نیب کے تحت مختلف الزامات پر مقدمات زیر سماعت ہیں۔ عدالت سے ملنے والا یہ عبوری ریلیف نہ صرف ان کی قانونی حکمت عملی کے لیے اہم پیش رفت ہے بلکہ سیاسی طور پر بھی اس کے اثرات زیر بحث آ سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter