سانگھڑ میں ظلم کا شکار اونٹنی کو ایک سال بعد مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی، پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے تصاویر شیئر کیں، امریکا سے خصوصی ٹانگ منگوائی گئی تھی
کراچی: سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک سال قبل ظلم کا شکار ہونے والی اونٹنی کو بالآخر مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی ہے، جس کے بعد وہ دوبارہ چلنے کے قابل ہو گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ عطا مری نے اونٹنی کی نئی اور امید افزا تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں، جنہیں دیکھ کر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یاد رہے کہ جون 2023 میں سانگھڑ کے ایک زمیندار نے اپنی زمین پر اونٹنی کے داخل ہونے پر نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ تیز دھار آلے سے اس کی ایک ٹانگ کاٹ دی تھی۔ واقعہ کے بعد اونٹنی کو شدید زخمی حالت میں کراچی منتقل کیا گیا جہاں اسے اینیمل ویلفیئر شیلٹر "سی ڈی آر ایس – بینجی پروجیکٹ” میں داخل کرایا گیا تھا۔
بینجی پروجیکٹ کی ڈائریکٹر سارہ جہانگیر کے مطابق اونٹنی جب پناہ گاہ پہنچی تو خوفزدہ اور شدید اذیت میں تھی۔ اس کی بحالی کے لیے ایک طویل اور محنت طلب مرحلہ درکار تھا۔ خاص طور پر اونٹنی کے لیے امریکا سے ایک جدید اور موزوں مصنوعی ٹانگ منگوائی گئی جسے کامیابی سے جوڑ دیا گیا ہے۔
شیلٹر انتظامیہ نے اس مشن میں مدد فراہم کرنے پر اپنی ٹیم، تمام حامیوں، پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، ان کی بہن سینیٹر قرۃالعین مری اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور تعاون اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ اس واقعہ کے بعد پولیس نے زمیندار کو گرفتار کر لیا تھا اور سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔ اونٹنی کی بحالی کی یہ کامیابی نہ صرف جانوروں کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے بلکہ معاشرتی شعور کی بیداری کی ایک مثبت مثال بھی ہے۔