پربھنی میں سلیپر کوچ میں 19 سالہ لڑکی نے بچے کو جنم دیا، مبینہ شوہر نے کھڑکی سے پھینک دیا، پولیس نے جوڑے کو گرفتار کر لیا
پربھنی، بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پربھنی میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک 19 سالہ لڑکی نے چلتی سلیپر کوچ بس میں بچے کو جنم دیا اور مبینہ شوہر نے نومولود کو بس کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا، جس سے بچہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ لڑکی ریتیکا دھیرے، جو کہ الطاف شیخ نامی شخص کے ساتھ پونے سے پربھنی جا رہی تھی، بس کے سفر کے دوران ہی زچگی کے مرحلے میں داخل ہوئی اور بچے کو جنم دیا۔
بعد ازاں، الطاف شیخ، جو خود کو خاتون کا شوہر ظاہر کر رہا ہے، نے مبینہ طور پر نومولود کو کپڑے میں لپیٹ کر بس کی کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔ یہ منظر نیچے کھڑے ایک شہری نے دیکھا، جو فوراً جائے وقوعہ پر پہنچا اور پولیس کو اطلاع دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ پولیس ٹیم نے بس کو روکا اور دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش میں جوڑے نے انکشاف کیا کہ وہ بچے کی پرورش نہیں کر سکتے تھے، اسی لیے اسے پھینکنے کا انتہائی قدم اٹھایا، جو بچے کی موت کا باعث بنا۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد پربھنی کے رہائشی ہیں اور پچھلے ڈیڑھ سال سے پونے میں مقیم تھے۔ انہوں نے میاں بیوی ہونے کا دعویٰ تو کیا ہے لیکن ان کے پاس کوئی قانونی ثبوت موجود نہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی نومولود بچوں سے متعلق ہولناک واقعات سامنے آ چکے ہیں، جو نہ صرف معاشرتی بے حسی کو بے نقاب کرتے ہیں بلکہ نظام کی کمزوریوں کی جانب بھی اشارہ کرتے ہیں۔