40 ہزار زائرین عراق، ایران، شام میں لاپتا: وفاقی وزیر مذہبی امور کا انکشاف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

زیارات کا نیا کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف، 1400 سے زائد کمپنیاں رجسٹریشن کے لیے درخواست گزار

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان سے عراق، ایران اور شام جانے والے 40 ہزار زائرین غائب ہیں، جن کا کوئی سرکاری ریکارڈ دستیاب نہیں۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ ان ممالک نے بھی پاکستان سے زائرین کی گمشدگی پر تشویش ظاہر کی تھی، جس کے بعد حکومتِ پاکستان نے زائرین کو منظم کرنے کے لیے ایک جدید کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کروایا ہے۔

وزیرِ مذہبی امور کے مطابق اب زائرین صرف ان کمپنیوں کے ذریعے سفر کر سکیں گے جو وزارت کے ساتھ بطور زیارت گروپ آرگنائزر (ZGOs) رجسٹرڈ ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 1400 سے زائد کمپنیاں وزارتِ مذہبی امور کے ساتھ رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دے چکی ہیں، جن میں سے 585 کمپنیوں کو سیکیورٹی کلیئرنس دی جا چکی ہے۔ ان کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 جولائی تک اپنی دستاویزات مکمل کرکے وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک نیا مربوط نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت "قافلہ سالار” کے پرانے نظام کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔ اس ضمن میں ایک اور اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت مزید کمپنیاں 10 اگست تک وزارت کے ساتھ بطور ZGO رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

سردار محمد یوسف نے وضاحت کی کہ حج و عمرہ کے ساتھ ساتھ زیارات بھی وزارتِ مذہبی امور کی ذمہ داری ہے۔ تاہم، ماضی میں زیارت کے سفر کے لیے کوئی جامع اور باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا، یہی وجہ ہے کہ ہزاروں افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین کی منظم نگرانی کے لیے سال 2021 میں ایک سسٹم کی منظوری دی گئی تھی، مگر سابق حکومت کے دور میں اس پر کوئی خاطر خواہ عملدرآمد نہ ہو سکا۔

یاد رہے کہ عراق، شام اور ایران میں اہل تشیع زائرین کی بڑی تعداد ہر سال مقدس مقامات کی زیارت کے لیے جاتی ہے، تاہم اس عمل کی نگرانی کے فقدان کے باعث نہ صرف سیکیورٹی مسائل پیدا ہوئے بلکہ انفرادی اور ریاستی سطح پر بداعتمادی بھی جنم لیتی رہی ہے۔ نئے نظام کو زائرین کی حفاظت، قومی سیکیورٹی اور بہتر سفری سہولیات کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter