وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خبروں کی تردید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سینیٹ ٹکٹ کا اختیار صرف چیئرمین کو حاصل ہے، تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے ہوتے ہیں: ترجمان فراز مغل

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان فراز مغل نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے کسی قسم کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے حالیہ میڈیا خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔

latest urdu news

اپنے بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے پارٹی کے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی، بلکہ وہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق ہر فیصلہ تسلیم کرتے ہیں اور اسی کی روشنی میں حکومتی امور چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سینیٹ ٹکٹ کے اجرا کا اختیار صرف پارٹی چیئرمین کو حاصل ہے، اور انہی کی جانب سے کی گئی نامزدگیاں ہی حتمی حیثیت رکھتی ہیں۔

فراز مغل نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور علیمہ خان کے درمیان اختلافات کی خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام باتیں من گھڑت ہیں، جن کا مقصد پارٹی میں انتشار پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پارٹی قیادت کی ہدایات پر من و عن عمل پیرا ہیں اور ان کے فیصلوں کے پابند ہیں۔

ترجمان نے پی ٹی آئی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف بانی پی ٹی آئی اور پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد رکھیں، کیونکہ یہی قیادت موجودہ مشکل حالات میں پارٹی کو متحد اور متحرک رکھنے کے لیے سرگرم ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن کی روشنی میں وزیر اعلیٰ کی مبینہ ملاقات اور مخالفت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جنہیں اب ترجمان نے دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter