عالیہ حمزہ معافی مانگیں، بصورت دیگر کارروائی ہوگی: سلمان اکرم راجہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کے حالیہ بیانات پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالیہ حمزہ کا کام سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرنا نہیں، وہ فوری طور پر معافی مانگیں، بصورت دیگر پارٹی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق عالیہ حمزہ نے سوشل میڈیا پر پارٹی قیادت کی حکمت عملی پر کھلے عام سوالات اٹھا کر پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ہے۔ اگر وہ اپنی بات پر معذرت نہیں کرتیں تو تنظیمی ڈھانچے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

latest urdu news

انہوں نے تحریک انصاف کی سینیٹ ٹکٹ پالیسی پر بھی واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کسی کو پیسے کے عوض ٹکٹ نہیں دے گی، اور سینیٹ کا انتخابی عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ ان کا سینیٹر مرزا آفریدی کے فارم ہاؤس پر کسی ملاقات سے کوئی تعلق ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور میں ہونے والے ایک اہم پارٹی اجلاس میں عالیہ حمزہ کو مدعو نہ کیے جانے پر انہوں نے پارٹی قیادت پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے 5 اگست سے شروع ہونے والی حکومت مخالف تحریک کو 90 روز تک طول دینے پر سوالات اٹھاتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل موجود نہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی اس وقت سیاسی دباؤ اور داخلی کشیدگی کا شکار ہے، اور ایسے میں پارٹی کے اندر اختلافی بیانات قیادت کے لیے مزید چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter