گورنر راج کا کوئی ارادہ نہیں، ہارس ٹریڈنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری، گورنر کے پی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا جمہوری و آئینی حق ہے، اور اگر اپوزیشن جماعتوں کے پاس ایک رکن کی بھی اکثریت ہو جائے تو وہ تحریک لا سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق یا کسی بھی سطح پر گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، اور اپوزیشن کو سیاسی شہید نہیں بنائیں گے۔

latest urdu news

جیو نیوز کے پروگرام "جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگرچہ تحریک عدم اعتماد کا حق ہر جماعت کو حاصل ہے، تاہم اس عمل کو آئینی دائرے میں رہ کر انجام دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی عمل میں شفافیت اور جمہوری تسلسل کو ہر حال میں برقرار رکھنا ضروری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ ہارس ٹریڈنگ کو روکنا حکومتِ وقت کی ذمے داری ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پانچ جبکہ حکومت کے چھ سینیٹرز ہیں، اور ہماری خواہش ہے کہ یہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں تاکہ ایوانِ بالا میں نمائندگی کا عمل پُرامن طریقے سے مکمل ہو۔

پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے تنقید کی کہ اس جماعت میں کسی کے پاس کوئی حقیقی اختیار باقی نہیں رہا، اور یہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد یا تسلسل سے نہیں چل سکتی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کا حالیہ سیاسی کردار انتشار اور غیر یقینی کی علامت بن چکا ہے، جس سے جمہوری ماحول متاثر ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو رہی ہے، اور سینیٹ نشستوں پر ممکنہ مقابلوں کے تناظر میں سیاسی جماعتیں اپنی صف بندی کر رہی ہیں، جس کے باعث تحریکِ عدم اعتماد یا دیگر آئینی اقدامات کے امکانات پر بحث زور پکڑ رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter