یوٹیوب سے آمدنی کے حصول کیلئے نئی پالیسیوں کا نفاذ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوٹیوب نے ویڈیوز سے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے 15 جولائی 2025 سے نئی مونیٹائزیشن (آمدنی) پالیسیوں کا نفاذ کر دیا ہے، یہ تبدیلیاں یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YouTube Partner Program – YPP) کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد نقالی، غیر معیاری اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیوز سے آمدنی کے رجحان کو ختم کرنا ہے۔

یوٹیوب کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب ایسے صارفین جو دوسروں کے مواد کو بغیر تبدیلی کے اپ لوڈ کرتے ہیں یا AI ٹولز سے تیار کردہ ویڈیوز کو یوں ہی شائع کرتے ہیں، وہ یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔

latest urdu news

کمپنی کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں اصل اور مستند مواد کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ اگر کوئی ویڈیو صرف تصویری سلائیڈز، ویب سائٹس یا خبروں کے متن کی کاپی پیسٹ، یا بغیر کسی وضاحت، کمنٹری یا تجزیے کے اسکرولنگ ٹیکسٹ پر مبنی ہو تو اس سے آمدنی نہیں کمائی جا سکے گی۔

یوٹیوب نے وضاحت کی کہ تجزیہ، تبصرہ یا جائزہ (review) کی غرض سے اگر کسی دوسرے مواد کو استعمال کیا جائے تو وہ اس پالیسی سے مستثنیٰ ہوگا۔ لیکن اگر صارف بار بار دیگر ویڈیوز یا ویب سائٹس سے مواد اٹھا کر بغیر تبدیلی کے دوبارہ شائع کرے گا تو وہ یوٹیوب کی آمدنی کے نظام سے خارج کیا جا سکتا ہے۔

نئی پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اب مصنوعی ذہانت (AI) سے بنائے گئے ایسے ویڈیوز جن میں کوئی انسانی وضاحت یا تخلیقی پہلو شامل نہ ہو، انہیں مونیٹائز نہیں کیا جا سکے گا۔

تاہم، یوٹیوب نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ چینل مونیٹائزیشن کی بنیادی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے اب بھی کم از کم 1000 سبسکرائبرز، اور گزشتہ 12 ماہ میں 4000 گھنٹے واچ ٹائم یا 90 دنوں میں 1 کروڑ شارٹس ویوز کی شرط برقرار ہے۔

یاد رہے کہ یوٹیوب دنیا بھر میں سب سے مقبول ویڈیو پلیٹ فارم ہے جہاں لاکھوں افراد روزانہ کی بنیاد پر مواد اپ لوڈ اور دیکھتے ہیں، اور ہزاروں لوگ اسی پلیٹ فارم سے روزگار بھی کماتے ہیں۔ اس پالیسی کا مقصد معیاری اور اصل تخلیقی مواد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter