راولپنڈی، اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ نے وضاحت کی ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو جیل میں بی کلاس کے تحت تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ان سہولتوں میں ورزش، واک، ایل ای ڈی، مطالعہ کتب، اخبارات اور ایکسرسائز سائیکل شامل ہیں،اس کے علاوہ انہیں کھانے کی تیاری کے لیے ایک مخصوص قیدی باورچی بھی دیا گیا ہے جو ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا ان کی خواہش کے مطابق تیار کرتا ہے۔
بیان کے مطابق، بانیٔ پی ٹی آئی کو حاصل سہولتیں بی کلاس کے دیگر قیدیوں کو میسر نہیں، جس سے ان کے ساتھ کسی خاص رعایت کا تاثر بھی ابھرتا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی جب سے جیل میں ہیں، وہ 413 مرتبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغامات جاری کر چکے ہیں، جن کے ذریعے انہوں نے اپنے کارکنان کو سیاسی سرگرمیوں سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔
جیل حکام کے مطابق، گذشتہ تین ماہ کے دوران 66 مختلف افراد نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جن میں پارٹی رہنما، وکلاء اور اہلِ خانہ شامل تھے۔ جیل میں موجود ڈاکٹرز باقاعدگی سے ان کا طبی معائنہ کرتے ہیں، اور اب تک ان میں کسی قسم کی بیماری یا جسمانی عارضے کی تشخیص نہیں ہوئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت مند ہیں اور روزانہ 2 گھنٹے تک صحن میں واک اور ایکسر سائز کرتے ہیں۔ وہ عالمی اور مقامی میڈیا سے بھی مختلف اوقات میں رابطے میں رہے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ نے افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر سنسنی پھیلائی جا رہی ہے، جبکہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہیں برتا جا رہا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں مختلف مقدمات میں قید ہیں اور جیل سے ہی اپنی پارٹی کو سیاسی ہدایات دے رہے ہیں۔ حکومت اور جیل انتظامیہ متعدد بار ان کے ساتھ برتے جانے والے طرز عمل پر وضاحت دے چکی ہے۔