5 اگست کو تحریک عروج پر ہوگی، بیرسٹر گوہر علی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ بانی عمران خان نے کہا ہے کہ 5 اگست کو تحریک اپنے عروج پر ہوگی۔

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ 5 اگست کو پارٹی کی تحریک اپنے عروج پر ہوگی اور ہم عوامی سطح پر مضبوط ردعمل دیں گے۔

latest urdu news

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں، بعض باتیں غلط فہمی کی بنیاد پر تھیں جو اب ختم ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شیخ وقاص اکرم اور عالیہ حمزہ سے مکمل بات چیت ہو چکی ہے، اور پارٹی میں یکجہتی برقرار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ علی امین گنڈا پور کو بانی عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور وہ خیبرپختونخوا میں نہایت عمدہ انداز میں حکومت چلا رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جماعت کسی بیرونی دباؤ یا دیگر پارٹیوں کی رائے پر نہیں بلکہ اصولی مؤقف پر چلتی ہے۔

گوہر علی نے کہا کہ سیاست میں برداشت اور فراخ دلی کی ضرورت ہوتی ہے، ہم ایک منظم اور پُرامن سیاسی جماعت ہیں، اور ہم کوئی گوریلا فورس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ "کامن سینس” یعنی عقل و فہم غالب آئے، اور ملک کو سیاسی استحکام کی جانب لے جایا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق ایک جعلی فہرست گردش کر رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی اصل فہرست میں وہی امیدوار شامل ہیں جو قیادت کی منظوری سے دیے گئے تھے۔ گوہر علی کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور اصل قیادت کی آواز ہی غالب آئے گی۔

یاد رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں، لیکن پارٹی ان کی ہدایت پر سیاسی حکمت عملی طے کر رہی ہے، اور 5 اگست کو تحریک کو نئی سطح پر لے جانے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter