اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر تحقیقاتی ٹیم کی بڑی پیش رفت، موبائل ریکارڈ، واٹس ایپ پیغامات اور 63 افراد سے تفتیش جاری
کراچی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی پر اسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اداکارہ کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی، جبکہ ان کا موبائل فون اسی دن شام 5 بجے تک استعمال ہوتا رہا۔ واٹس ایپ پر "ہیلو” کہنے کے باوجود کسی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر اداکارہ نے گہرے اضطراب میں متعدد افراد سے رابطے کی کوشش کی، جن میں ان کا بھائی اور دیگر قریبی افراد شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ حمیرا اصغر شدید مالی مشکلات کا شکار تھیں اور اپنی پریشانیوں کا ذکر مختلف پیغامات میں کر چکی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ پر اداکارہ نے ایک پیغام میں لکھا: "ہیلو، میں تم سے بات کرنا چاہتی ہوں۔”
تحقیقات کرنے والی خصوصی ٹیم نے کیس کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے اب تک 5 افراد کے تفصیلی بیانات ریکارڈ کیے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 63 افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ جائے وقوعہ سے کئی اہم شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں جن میں خشک ٹب، پھٹے ہوئے کپڑے اور سگریٹ کے فلٹر شامل ہیں۔ کمرے میں کسی بھی قسم کی دوا برآمد نہیں ہوئی، جبکہ دونوں ہاتھ سینے سے چمٹے ہوئے پائے گئے، جس سے موت کی حالت کے بارے میں کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
اداکارہ حمیرا اصغر کیس: پولیس نے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ سے ڈیٹا حاصل کرلیا
ایس پی کلفٹن عمران جاگیرانی کے مطابق، موبائل فون ڈیٹا، کال ریکارڈز اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ ابتدائی دنوں میں اداکارہ کے مالک مکان، اسٹیٹ ایجنٹ، چابی بنانے والے اور چوکیدار سمیت 4 افراد کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں، جبکہ آج مزید دو افراد — اسٹیٹ ایجنٹ اور قریبی پڑوسی — سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ کے نام پر رجسٹرڈ تین سمیں تین مختلف فونز میں موجود تھیں، جن میں سے دو فون بغیر پاس ورڈ کے تھے، جبکہ تیسرے فون اور ٹیبلیٹ کا پاس ورڈ ان کی ڈائری میں تحریر پایا گیا۔ اداکارہ کے فونز میں 2000 سے زائد کانٹیکٹس موجود تھے، جن میں سے 75 نمبرز ایسے ہیں جن سے ان کا مسلسل رابطہ رہا۔
پولیس اور فرانزک ماہرین اب ان نمبرز، کال ریکارڈز، پیغامات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا باریکی سے تجزیہ کر رہے ہیں تاکہ اس پر اسرار موت کی اصل حقیقت سامنے آ سکے۔ اس کے ساتھ ہی اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں سے دوبارہ بیانات لینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ پہلو کو نظر انداز نہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر ایک معروف ماڈل اور اداکارہ تھیں، جن کی اچانک موت نے شوبز انڈسٹری کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس وقت تحقیقات انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، اور آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔