فرانس کی لیون جیل سے قیدی ساتھی کے بیگ میں چھپ کر فرار، 24 گھنٹے بعد گرفتار، سیکیورٹی پر سنگین سوالات
پیرس: فرانس کے شہر لیون کی کورباس جیل سے ایک چونکا دینے والا اور حیران کن واقعہ رپورٹ ہوا ہے جہاں 20 سالہ قیدی ایلیازِڈ اے نہایت چالاکی سے ساتھی قیدی کے سفری بیگ میں چھپ کر جیل سے فرار ہو گیا۔ یہ انوکھا فرار 24 گھنٹوں تک جیل انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل رہا، جس کے بعد فرانس کے جیل سیکیورٹی نظام پر شدید سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایلیازِڈ اے نے ایک ایسے ساتھی قیدی کی رہائی کا فائدہ اٹھایا جو اسی روز جیل سے باہر جانے والا تھا۔ ایلیازِڈ نے اسی قیدی کے بڑے سفری بیگ کو اپنی چھپنے کی جگہ بنایا۔ جب وہ قیدی اپنا بیگ باہر لے جانے کے لیے ٹرالی کی درخواست کرتا ہے تو جیل عملہ بیگ کے وزن پر شبہ کیے بغیر اسے باہر جانے دیتا ہے۔
جیل حکام کو قیدی کی گمشدگی کا علم 24 گھنٹے بعد اس وقت ہوا جب معمول کی گنتی کے دوران اس کی غیر موجودگی کا انکشاف ہوا۔ فوری طور پر ملک بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، اور بالآخر پولیس نے ایلیازِڈ اے کو جیل سے 25 منٹ کی دوری پر واقع ساتھونی کیمپ سے گرفتار کر لیا۔
تاہم، جس قیدی نے ایلیازِڈ کو بیگ کے ذریعے باہر نکالا، وہ تاحال فرار ہے اور دوبارہ جیل جانے کے خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔
فرانسیسی جیل انتظامیہ نے اس واقعے کو "انتہائی عجیب اور سنگین کوتاہی” قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف جیل عملے کی غفلت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ فرانس میں جیلوں کی اوور کراؤڈنگ اور سیکیورٹی نظام کی کمزوری پر بھی روشنی ڈالتا ہے، جن پر پہلے ہی مختلف ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں تحفظات ظاہر کر چکی ہیں۔