مچل اسٹارک کا تاریخی کارنامہ، ویسٹ انڈیز 27 رنز پر ڈھیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مچل اسٹارک کا تاریخ ساز اسپیل، 15 گیندوں پر 5 وکٹیں لے کر 78 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا — ویسٹ انڈیز صرف 27 رنز پر ڈھیر، آسٹریلیا نے سیریز 0-3 سے جیت لی

کنگسٹن: آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 176 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ اس تاریخی کامیابی کے ہیرو آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک رہے، جنہوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا 78 سالہ پرانا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

latest urdu news

204 رنز کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے اسٹارک نے صرف 15 گیندوں پر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مجموعی طور پر 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم گیندوں پر 5 وکٹیں لینے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے، جو اس سے قبل 1947 میں آسٹریلیا ہی کے ایرنی توشاک نے 19 گیندوں پر قائم کیا تھا۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ مچل اسٹارک نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ میں 400 وکٹوں کا سنگِ میل بھی عبور کر لیا، وہ آسٹریلیا کے چوتھے ایسے بولر بن گئے ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

آسٹریلیا کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیز صرف 27 رنز پر ڈھیر

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آسٹریلوی بولرز کے سامنے صرف 27 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ 1955 میں 26 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں 7 بیٹر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے۔

اسکاٹ بولینڈ نے ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

اس تاریخی فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 0-3 سے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کر لی، اور ایک مرتبہ پھر عالمی کرکٹ میں اپنی فاسٹ بولنگ کی برتری ثابت کر دی۔

یاد رہے کہ یہ میچ آسٹریلیا کی حالیہ تاریخ کے یادگار لمحات میں شامل ہو گیا ہے، جس میں نہ صرف شاندار بولنگ دیکھنے کو ملی بلکہ ریکارڈز کی ایک نئی تاریخ بھی رقم ہوئی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter