آسٹریلیا نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 176 رنز سے شکست دے دی، حریف ٹیم صرف 27 رنز پر آل آؤٹ، اسٹارک کی 6 وکٹیں، بولینڈ کی ہیٹ ٹرک
سڈنی: آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 176 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔ میچ کا سب سے حیران کن لمحہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز تھی، جہاں پوری ٹیم صرف 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی — جو ٹیسٹ کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ کا دوسرا کم ترین مجموعی اسکور ہے۔
اس سے قبل، 1955 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 26 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی، جو آج تک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم مجموعہ ہے۔ جنوبی افریقہ بھی دو مرتبہ 30 رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز میں 7 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، جن میں سے 4 بیٹرز گولڈن ڈَک (یعنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ) کا شکار ہوئے — جو ٹیم کی ناقص بیٹنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر مچل اسٹارک، جنہوں نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
اسکاٹ بولینڈ نے بھی یادگار پرفارمنس دیتے ہوئے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 225 اور دوسری اننگز میں 121 رنز بنائے، جبکہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 143 اور دوسری اننگز میں صرف 27 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے نہ صرف یہ میچ بلکہ تین میچوں پر مشتمل پوری ٹیسٹ سیریز بھی 0-3 سے اپنے نام کی، جس سے اس کی عالمی ٹیسٹ درجہ بندی مزید مستحکم ہوئی ہے۔ دوسری جانب، ویسٹ انڈیز کے لیے یہ ایک انتہائی تشویش ناک لمحہ ہے، جو ان کی کرکٹ میں جاری تنزلی کی عکاسی کرتا ہے۔