پٹرول 6.60 روپے اور ڈیزل 5.27 روپے مہنگا ہونے کا امکان، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تجویز زیرِ غور
کراچی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج (15 جولائی) سے آئندہ 15 روز کے لیے رد و بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی کرنسی کی صورتحال کے پیشِ نظر پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 60 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد نئی قیمت 273 روپے 39 پیسے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافے کی توقع ہے، جس سے اس کی نئی ممکنہ قیمت 278 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہو گی۔
دوسری جانب، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 23 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ رد و بدل اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی تجاویز کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے مشروط ہے، جس کے بعد وزارتِ خزانہ نئی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
یاد رہے کہ حکومت ہر 15 روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتی ہے، جس کا انحصار بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت، روپے کی قدر، اور لیوی و سیلز ٹیکس پر ہوتا ہے۔ قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کی شرح میں مزید دباؤ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔