بیوی سے طلاق کے بعد شوہر کا انوکھا جشن، 40 لیٹر دودھ سے نہا کر "آزادی” کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی ریاست آسام کے ضلع نلباڑی کے ایک گاؤں میں ایک شخص نے بیوی سے طلاق کے بعد انوکھے انداز میں آزادی کا جشن منایا۔

32 سالہ مانک علی نے عدالت سے بیوی سے باہمی رضامندی سے علیحدگی حاصل کرنے کے بعد 40 لیٹر دودھ سے نہا کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

latest urdu news

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مانک علی گاؤں کے لوگوں کے درمیان کھڑا ہے اور اپنے اوپر دودھ انڈیل رہا ہے۔ اس موقع پر گاؤں والوں کی ایک بڑی تعداد اس کے گرد جمع تھی۔ کسی نے اس جشن کو منفرد اور علامتی قرار دیا، تو کسی نے اسے ضرورت سے زیادہ جذباتی اور ڈرامائی ردِعمل کہا۔

مانک علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُس کی بیوی دو مرتبہ کسی اور مرد کے ساتھ فرار ہو چکی تھی، لیکن اُس نے ہر بار صرف بچے کی خاطر اُسے معاف کیا۔ اس کے مطابق، "میں نے موقع دیا، برداشت کیا، لیکن جب غلطی بار بار دہرائی جائے تو انسان درد کے بجائے سکون کو ترجیح دیتا ہے۔”

مانک کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد اس کی زندگی مسلسل اذیت، بے وفائی اور ذہنی دباؤ کا شکار رہی۔ طلاق کے بعد اُسے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ نئے سرے سے پیدا ہوا ہو۔ اسی احساس کے تحت اُس نے دودھ سے نہا کر خود کو علامتی طور پر "صاف” کیا تاکہ نئی زندگی کا آغاز کر سکے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن چکی ہے۔ کئی صارفین نے مانک کے عمل کو ہمت اور خود اعتمادی کی علامت قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے غیر ضروری تماشا کہا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter