عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہونے کے بعد پاکستان میں پٹرول 6.60 اور ڈیزل 5.27 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان، فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے ہوگا۔
اسلام آباد، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی رد و بدل کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پٹرول 6 روپے 60 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جا سکتا ہے، جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ مجوزہ تبدیلی کے مطابق مٹی کا تیل 3 روپے 74 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 23 پیسے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔ آئل انڈسٹری نے اس حوالے سے اپنی تفصیلات اوگرا کو ارسال کر دی ہیں، جو اب وزارتِ خزانہ کو سمری بھیجے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اوگرا کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق مکمل ورکنگ حکومت کو ارسال کی جا چکی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے رجحان نے پاکستان میں مہنگائی میں مزید اضافے کے خدشات کو جنم دے دیا ہے، جس کے پیشِ نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس ممکنہ اضافے کو معیشت کے لیے ایک اور چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر 15 دن بعد کیا جاتا ہے، جس میں عالمی مارکیٹ کے نرخ، ڈالر کی قدر، لیوی اور ٹیکسز شامل ہوتے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں پٹرول کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات پر پڑتا ہے۔