پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان دوبارہ تعلقات کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہیں۔ حال ہی میں ہانیہ عامر کی انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ساحلِ سمندر کی تصاویر نے ان افواہوں کو نئی ہوا دے دی ہے۔
ان تصاویر میں ایک تصویر خاص طور پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی، جس میں ہانیہ کسی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہوئی نظر آ رہی ہیں، تاہم چہرہ واضح نہیں کیا گیا۔ مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ عاصم اظہر ہی ہیں۔ مزید حیرت اس وقت ہوئی جب صارفین نے ہانیہ کے گلے میں موجود پینڈنٹ کو پہچان لیا، جو بالکل ویسا ہی دکھائی دے رہا ہے جیسا کہ عاصم اظہر نے حالیہ عید کے موقع پر اپنی تصاویر میں پہنا تھا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ان مشابہات کو "محض اتفاق” ماننے سے انکار کرتے ہوئے قیاس آرائیوں کا آغاز کر دیا ہے کہ ہانیہ اور عاصم کے درمیان دوبارہ قربتیں بڑھ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ہانیہ اور عاصم 2019 میں ایک دوسرے کے قریب آئے تھے اور ان کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جاتا تھا۔ تاہم 2020 میں دونوں کے درمیان بریک اپ ہو گیا، جس کے بعد عاصم اظہر نے ماڈل و اداکارہ میرب علی سے منگنی کی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔
ایسے میں شائقین ایک بار پھر اس مقبول جوڑی کی دوبارہ واپسی کے امکان پر پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف تصاویر کو باریکی سے دیکھ رہے ہیں بلکہ تبصروں میں دونوں کے ایک ہونے کی خواہش کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ آیا یہ صرف اتفاق ہے یا واقعی کوئی نئی شروعات ہو رہی ہے؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا، مگر فی الحال ان تصاویر نے یقینی طور پر مداحوں کی دلچسپی کو بڑھا دیا ہے۔