لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش سے کئی علاقے زیرِ آب آ گئے، بجلی کی بندش اور سیلابی خطرات نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔ بارشوں کا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان۔
لاہور، ملک بھر میں جاری بارشوں کے نئے سلسلے نے مختلف شہروں کو متاثر کر دیا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، تونسہ، کوہلو اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور نظامِ زندگی درہم برہم ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فیصل آباد میں ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا کر دیا، جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے سے آنے والے برساتی نالوں نے تونسہ کے کئی دیہی علاقوں کو متاثر کر دیا ہے، جہاں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں اور درجنوں خاندان محفوظ مقامات کی تلاش میں نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
کمالیہ میں موسلا دھار بارش سے سرکاری دفاتر اور اہم بازاروں میں پانی کھڑا ہو گیا، جبکہ ماموں کانجن روڈ پر سیوریج کا نظام متاثر ہوا۔ ادھر کوہلو اور گجرات کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہو گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور میں کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، لوگ مال مویشی سمیت پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں، 5 افراد جاں بحق
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اور گلیات میں بھی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، سوات، دیر، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، البتہ عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں سے نکلنے، اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ ملک میں رواں ہفتے مون سون کی شدید لہر کا آغاز ہوا ہے، جس کے سبب کئی علاقے شدید متاثر ہو رہے ہیں، خاص طور پر کوہ سلیمان کے دامن میں موجود بستیاں، جہاں ہر سال کی طرح اس بار بھی سیلابی ریلوں سے خطرات لاحق ہیں۔ عوام کو احتیاط برتنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔