فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 2 محنت کش جان کی بازی ہار گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیکسلا میں ٹائر پگھلانے والے کارخانے میں بوائلر پھٹنے سے دو مزدور جاں بحق، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تین غیر قانونی یونٹس بند کر دیے۔

راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بوائلر پھٹنے سے دو محنت کش جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے درمیان ایک مبینہ غیر قانونی کارخانے میں پیش آیا، جہاں پرانے ٹائروں کو پگھلا کر تاریں نکالنے کا عمل جاری تھا۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ بوائلر میں گیس حد سے زیادہ بھر دی گئی تھی، جس کے باعث وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ بوائلر کا ڈھکن زور دار آواز کے ساتھ اڑا اور قریب موجود دو مزدوروں پر آ گرا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے بعد مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ غفلت برتنے پر فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بوائلر کی تنصیب اور کارخانے کے قیام میں حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیا گیا، جو اس المناک حادثے کا باعث بنے۔

علاوہ ازیں، تھانہ ٹیکسلا پولیس نے علاقے میں قائم ایسے مزید تین غیر قانونی کارخانوں کو بھی بند کر دیا ہے جہاں اسی طرز پر ٹائر پگھلانے کا کام جاری تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے ایسے تمام غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ ٹائر پگھلانے اور تار نکالنے کے یہ غیر رجسٹرڈ یونٹس نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان میں نصب کیے گئے ناقص بوائلر اور حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی مزدوروں کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈالتی ہے۔ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں اس نوعیت کے حادثات جان لیوا ثابت ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter