اسحاق ڈار 14 تا 16 جولائی کو چین میں ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، عالمی مسائل پر گفتگو متوقع
اسلام آباد، وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں ماہ چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت ان کے چینی ہم منصب کی جانب سے دی گئی ہے۔ یہ اجلاس 14 سے 16 جولائی تک چین میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان سمیت چین، بھارت، ایران، روس اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، بیلاروس کی بطور نئے رکن پہلی بار شرکت کے موقع پر اس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان موجودہ عالمی سیاسی صورتحال، سیکیورٹی تعاون، اور تنظیم کی آئندہ خارجہ پالیسی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت علاقائی تعاون کے فروغ اور مشترکہ ترقی کے عزم پر کاربند ہے، اور وزیر خارجہ کی شرکت اسی عزم کی عملی مثال ہے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم ہے، جو سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی امور پر رکن ممالک کے مابین تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔