بنگلہ دیش میں ماں نے بیٹے کو روکنے کے لیے طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع دی، پولیس نے ماں، بہو اور بیٹے کے دوست کو گرفتار کرلیا
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ماں نے اپنے شادی شدہ بیٹے کو گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال جانے سے روکنے کے لیے سرکاری ایئرلائن کی پرواز میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دی، جس کے باعث جہاز کی روانگی تین گھنٹے تک مؤخر رہی۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کے روز ڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی بیمان ایئرلائن کی پرواز میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر سیکیورٹی ادارے فوراً متحرک ہو گئے۔ حکام نے پرواز کو فوری طور پر روک دیا، جہاز کو خالی کرا کے تین گھنٹے تک مکمل تلاشی لی گئی، تاہم بم کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
بعد ازاں تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ بم کی اطلاع دینے والی کوئی اور نہیں بلکہ خود اس مسافر کی والدہ تھی، جو اپنے بیٹے کو اس کی گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال جانے سے روکنا چاہتی تھیں۔ خاتون کو اطلاع ملی تھی کہ ان کا بیٹا اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ خفیہ طور پر نیپال جا رہا ہے، جس پر انہوں نے بیٹے کے ایک دوست کے مشورے پر ایئرلائن کو بم کی جھوٹی کال کر دی تاکہ پرواز منسوخ ہو جائے۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جھوٹی اطلاع دینے والی ماں، بہو اور بیٹے کے دوست کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق ان تینوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور ان پر ایوی ایشن سیکیورٹی قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
جہاز بالآخر مکمل کلیئرنس کے بعد روانہ ہوا اور مسافر، جن میں مذکورہ نوجوان اور اس کی گرل فرینڈ بھی شامل تھے، بحفاظت نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں بم یا سیکیورٹی کی جھوٹی اطلاعات دینا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے، جس پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ اس واقعے نے نہ صرف ایئرلائن کی سروس میں خلل ڈالا بلکہ درجنوں مسافروں کو شدید ذہنی اذیت میں بھی مبتلا کیا۔