لاہور، صوبائی دارالحکومت لاہور میں دو مختلف افسوسناک واقعات کے دوران ایک وکیل سمیت دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ باغبانپورہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 58 سالہ جواد خان ایڈووکیٹ کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسرا واقعہ شفیق آباد میں پیش آیا، جہاں ایک 55 سالہ شخص کی لاش ڈرم سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت اسرائیل کے نام سے ہوئی ہے، جو اکیلا گھر میں رہائش پذیر تھا۔ نامعلوم ملزمان نے اسے قتل کر کے لاش کو ڈرم میں چھپا دیا۔ پولیس کے مطابق نعش 3 سے 4 دن پرانی معلوم ہوتی ہے اور ابتدائی تفتیش کے بعد مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں حالیہ دنوں میں قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔