پنجاب میں آٹومیٹک رین گیج سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ، مینوئل طریقہ کار ختم کرنے کی ہدایت، لاہور میں حالیہ بارش سے نظام درہم برہم
لاہور: صوبہ پنجاب میں پہلی بار بارش کی پیمائش کے لیے خودکار نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، آٹومیٹک رین گیج سسٹم کے نفاذ سے دستی (مینوئل) طریقہ ختم کر دیا جائے گا تاکہ بروقت اور درست ڈیٹا کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اس حوالے سے تمام واسا ایجنسیوں کو سات دن کے اندر سسٹم کے نفاذ کا پابند کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کے مطابق، صوبے کے تمام اضلاع میں موزوں مقامات پر آٹومیٹک رین گیج نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مینوئل نظام میں ڈیٹا کے درست نہ ہونے اور تاخیر کے خدشات ہیں، جبکہ جدید خودکار نظام سے فوری، درست اور مربوط معلومات حاصل ہوں گی جو شہری سہولتوں اور ہنگامی اقدامات کے لیے نہایت اہم ہے۔
نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جدید فیلڈ ورک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ نوجوان انجینئرز کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت موقع دیا جا رہا ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں اور بلدیاتی نظام کو مؤثر انداز میں اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو لاہور میں 8 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 136 ملی میٹر بارش ہوئی تھی، جس نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا اور واسا کے نکاسی آب نظام پر شدید سوالات اٹھائے گئے۔ متعدد علاقوں میں گھنٹوں پانی کھڑا رہا، ٹریفک جام ہوا، اور شہری شدید مشکلات سے دوچار ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹومیٹک رین گیج سسٹم نہ صرف محکمہ موسمیات اور بلدیاتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی میں بہتری لائے گا بلکہ سیلابی صورت حال میں بروقت و درست الرٹس جاری کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔