پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی پر مذاکراتی سیشن، اپوزیشن کا شرکت سے انکار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ مصروفیات کے باعث مذاکرات میں شریک نہیں ہو سکتے، مذاکراتی کمیٹی پر بھی مشاورت نہیں کی

لاہور: پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملے پر آج ہونے والے مذاکراتی سیشن میں اپوزیشن نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ساتھ مصروف ہیں، اسی باعث اپوزیشن آج مذاکراتی عمل میں شریک نہیں ہو سکے گی۔

latest urdu news

ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ ہم نے نااہلی ریفرنس کے حوالے سے نہ کوئی ارکان کی فہرست دی ہے اور نہ ہی مذاکراتی کمیٹی پر کوئی مشاورت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ ملاقات کے بعد اس معاملے کو دیکھیں گے۔

یاد رہے کہ 11 جولائی کو سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معطل ارکان کے نااہلی ریفرنس پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس پیش رفت کو سیاسی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، تاہم اپوزیشن کے تازہ فیصلے سے معاملہ دوبارہ تعطل کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

خیال رہے کہ 28 جون کو وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریر کے دوران شدید احتجاج کے نتیجے میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا۔ بعد ازاں ان ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔

یاد رہے کہ اسمبلی اجلاسوں کے دوران ارکان کے احتجاج پر معطلی اور نااہلی کی کارروائی پاکستانی سیاسی تاریخ میں ایک نازک مسئلہ رہا ہے، جس کے اثرات نہ صرف ایوان کی کارروائی پر پڑتے ہیں بلکہ مستقبل کی قانون سازی پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter