مسافر کوچ کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

حاصل پور چشتیاں روڈ پر تیز رفتار کوچ کی کار کو ٹکر، 3 افراد موقع پر جاں بحق، 2 اسپتال میں دم توڑ گئے، 3 زخمی

بہاولپور: بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں ایک اندوہناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ چشتیاں روڈ پر اس وقت پیش آیا جب بہاولپور سے بہاولنگر جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ نے سامنے سے آنے والی کار کو زوردار ٹکر مار دی۔

latest urdu news

کار میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سوار تھے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ باقی زخمیوں کو ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال حاصل پور منتقل کیا، جہاں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ریسکیو کنٹرول کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

حادثے نے علاقے میں کہرام مچا دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جس پر اہلِ علاقہ اور لواحقین شدید غم میں مبتلا ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خاص طور پر قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری اور حفاظتی تدابیر کی عدم موجودگی ایسے جان لیوا سانحات کی اہم وجوہات بن چکی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter