یومِ شہداء کشمیر پر وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام، بھارتی مظالم کی مذمت، کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، ٹرمپ کے بیان کو حوصلہ افزا قرار دیا
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہداء کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں 13 جولائی 1931 کے شہداء سمیت تمام کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سب لوگ قابلِ سلام ہیں جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1931 میں جس طرح کشمیریوں نے ڈوگرہ راج کے مظالم کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا، آج بھارتی قابض افواج انہی مظالم کو دہرا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈوگرہ راج ہو یا موجودہ بھارتی افواج، کوئی بھی قوت کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں ہمیں بتاتی ہیں کہ زنجیریں کبھی بھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں۔ کشمیر کی مٹی میں وفا، حریت اور قربانی کی خوشبو بسی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ شہداء کشمیر صرف ایک دن نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور اقوامِ متحدہ کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک صدا ہے۔ کشمیری شہداء کی قربانیوں نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ کوئی جبر یا طاقت انہیں غلام نہیں بنا سکتی۔
بھارت کا ٹرمپ کی ثالثی سے انکار اس کی جنگی ذہنیت کا ثبوت ہے، محسن نقوی
وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق بیان کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتی ہے، اور ہر بچہ، ہر فرد کشمیر کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
یاد رہے کہ یومِ شہداء کشمیر ہر سال 13 جولائی کو منایا جاتا ہے، جس دن 1931 میں سری نگر میں اذان مکمل کرنے کی پاداش میں 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔ یہ دن کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی علامت بن چکا ہے۔