بھارت بلوچستان میں خونریزی کا ذمہ دار ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چوہدری انوارالحق نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح جدوجہد کشمیریوں کا حق ہے، آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل جمہوری عمل کا حصہ ہے

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی خونریزی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور اگر بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو اسے مزید رسوائی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال میں بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی، جبکہ دنیا نے پاکستان ایئر فورس کی برتری اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں حاصل کی گئی تاریخی کامیابی کو تسلیم کیا۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، یہی ہر کشمیری کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں جاری ہلچل جمہوری عمل کا حصہ ہے، اور حکومت کی تبدیلی صرف نمبرز کی بنیاد پر ممکن ہے۔ اگر کسی جماعت کے پاس اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت آ جاتی ہے اور وہ عدم اعتماد لاتی ہے تو وہ اقتدار سے الگ ہو جائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اعتراف کیا کہ احتساب بیورو اب تک مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا، تاہم شفاف انتخابات اور سسٹم کی اصلاح کے لیے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سمیت مشاورت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے نئی گاڑیاں نہیں خریدیں، آٹے اور بجلی کے شعبے میں مالی خسارہ بھی پورا کیا اور عوامی فلاح پر بھرپور توجہ دی۔

بلوچستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی شہری سپرد خاک

چوہدری انوارالحق نے 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں 22 کشمیریوں نے اذان دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، اور آج بھی کشمیریوں کا جذبۂ آزادی زندہ ہے، جسے بھارت کبھی دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مسلح جدوجہد کشمیریوں کا جائز اور فطری حق ہے، اور پاکستان کی سفارتی و اخلاقی حمایت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ رہنی چاہیے۔

یاد رہے کہ یومِ شہدائے کشمیر 13 جولائی 1931 کو منایا جاتا ہے، جب سری نگر میں ڈوگرہ راج کے خلاف اذان مکمل کرنے کی پاداش میں 22 کشمیری نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ دن کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter