ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ اجلاس، غیر قانونی سلنڈرز، تجاوزات اور ٹریفک نظم و ضبط پر غور
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد کی ہدایت پر ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈرز کے خطرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز کا استعمال قانوناً ممنوع ہے، اور تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں سے فوری طور پر یہ سلنڈرز ہٹا دیں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ، اوورلوڈنگ، فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے دیگر مسائل پر بھی تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کو مشترکہ کارروائیوں کی ہدایت جاری کی گئی تاکہ سڑکوں کو کلیئر رکھا جا سکے اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے۔
ڈی پی او گجرات کی زیرصدارت 29 مقدمات پر تبدیلی تفتیش اجلاس
اسسٹنٹ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ وہ باہمی رابطے سے ایک جامع لائحۂ عمل مرتب کریں تاکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے اور ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
یاد رہے کہ ضلع گجرات میں حالیہ دنوں میں ٹریفک کی صورتحال اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں پر شکایات میں اضافہ ہوا ہے، جس پر انتظامیہ نے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔